دل کی آواز کو بے موت نہ مارا جائے
دل کی آواز کو بے موت نہ مارا جائے
آؤ احساس کو لفظوں میں اتارا جائے
جس کے جانے سے ہی ویران ہوئی ہے محفل
دل یہ کہتا ہے اسے پھر سے پکارا جائے
ہائے وہ در کے جہاں زخم ملے درد ملا
کون پاگل ہے کہ اس در پہ دوبارہ جائے
عشق کرنا ہے تو پاکیزہ طریقے سے کرو
عشق کو راہ ہوس سے نہ گزارا جائے
وقت کی گرد میں دبنے دو پرانے قصے
بھر چکے زخم کو پھر سے نہ ابھارا جائے
ڈوب کر بھی جو کنارے پہ پہنچ سکتا ہو
بس اسی شخص کو دریا میں اتارا جائے
مونیکاؔ پیار سے جیتے ہیں جو رشتے میں نے
چھوٹی باتوں پہ انہیں کس لیے ہارا جائے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.