ہجوم دوستاں جائز کہاں ہے
ہجوم دوستاں جائز کہاں ہے
شمار دشمناں جائز کہاں ہے
تبسم زیر لب جائز ہے لیکن
یہاں آہ و فغاں جائز کہاں ہے
سنانی ہے انہیں ان کی کہانی
حدیث دیگراں جائز کہاں ہے
مٹا دو داغ سجدہ بھی جبیں سے
کہیں کوئی نشاں جائز کہاں ہے
قفس میں بیٹھ کر اے ہم صفیرو
بنائے آشیاں جائز کہاں ہے
مسلسل چلتے رہنا رہ نوردو
شکست جسم و جاں جائز کہاں ہے
یہ جھوٹی شان و شوکت کی نمائش
یہ طرز بے اماں جائز کہاں ہے
خفا ہو کر نہ مجھ سے دور بیٹھو
محبت میں گماں جائز کہاں ہے
صدا اٹھتی نہیں کوئے ندا سے
خیال رفتگاں جائز کہاں ہے
عظیمؔ اچھی نہیں ہے مے گساری
وقار مے کشاں جائز کہاں ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.