نہیں کھانے کا گھر میں اب کوئی سامان لے دے کر
نہیں کھانے کا گھر میں اب کوئی سامان لے دے کر
اٹھانا پڑ گیا آخر ترا احسان لے دے کر
یہاں ہر گام پر مشکل کوئی درپیش آئی ہے
فقط اک موت ہی آئی نظر آسان لے دے کر
کمایا کچھ نہیں اچھا عمل اس دار فانی میں
فقط پہلو میں رکھا ہے دل ویران لے دے کر
میں جس کے واسطے چیخوں گا چلاؤں گا جلسے میں
کرے گا کیا فقط اک جھوٹ کا اعلان لے دے کر
بڑا بے باک شاعر ہے گرفتاری ضروری ہے
کسی دن آ ہی جائے گا کوئی فرمان لے دے کر
ترے بچوں کو بہلانا مرے دو وقت کی روٹی
ترا گھر چھوڑ جاؤں گا میں بھائی جان لے دے کر
کسی کی سرد مہری نے ہمیں بے حال کر ڈالا
ہمیں کرنی پڑی ہے زندگی قربان لے دے کر
اندھیروں کی حکومت ہے تنزل کا زمانہ ہے
ہمیں غاروں پہ لائیں گے سیاست دان لے دے کر
کہا بھائی نے حسرتؔ آؤ گھر تقسیم کرتے ہیں
مرے حصے میں آیا ہے فقط دالان لے دے کر
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.