اس کے گن گانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
اس کے گن گانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
خود پہ اترانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
کوئی روٹھے بھی تو پرواہ نہیں تھی مجھ کو
اس کو منوانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
عشق ہوتے ہوئے محسوس نہیں ہوتا ہے
عشق ہو جانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
وہ نظر آیا تو پھر نظریں چرا کر اس کو
دیکھتے جانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
اس نے جو بات کہی بات وہ تنہائی میں
خود سے دہرانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
چوٹ جب اس کو لگی خود کو اذیت دے کر
چوٹ پہنچانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
طے شدہ ایک ملاقات کے ٹل جانے سے
خوب پچھتانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
اس کے جاتے ہی مرے گلشن دل کے گوہرؔ
پھول مرجھانے پہ احساس ہوا عشق ہوا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.