غلط فہمی کے پردوں کو ہٹانا لازمی ہے
غلط فہمی کے پردوں کو ہٹانا لازمی ہے
دلوں میں پیار کا جذبہ جگانا لازمی ہے
اجالے بانٹنے نکلے ہو تو یہ یاد رکھنا
خود اپنے آپ کو پہلے جلانا لازمی ہے
صفت پھولوں کی سیکھی ہے تو یہ بھی سیکھ لو تم
مہکنا ہے تو مٹی میں سمانا لازمی ہے
عدالت وقت کی جب فیصلہ کرنے پہ آئے
گناہوں کا سر بازار آنا لازمی ہے
اداکاری کی دنیا میں اگر جینا ہے تم کو
تو چہرے پر کوئی چہرہ سجانا لازمی ہے
کسے معلوم کل کیا ہو مگر اے دوست میرے
ملے جو آج تو ہنسنا ہنسانا لازمی ہے
لکھا ہے سچ تو سہنا مونیکاؔ اب تہمتیں بھی
قلم کا فرض دنیا کو بتانا لازمی ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.