آخری سلیوٹ
آزادی ہند کے بعد کشمیر کے لیے دونوں ملکوں میں ہونے والی پہلی جنگ کے مناظر کو پیش کیا گیا ہے۔ کہ کس طرح دونوں ملک کے فوجی جذباتی طور ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہیں لیکن اپنے اپنے ملک کے آئین اور قانون کے پابند ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے پر حملہ کرنے پر مجبور ہیں۔ وہی لوگ جو جنگ عظیم میں متحد ہو کر لڑے تھے وہ اس وقت الگ الگ ملک میں تقسیم ہو کر ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوگئے۔
سعادت حسن منٹو
یزید
کریم داد ایک ٹھنڈے دماغ کا آدمی ہے جس نے تقسیم کے وقت کے فساد کی ہولناکیوں کو دیکھا تھا۔ ہندوستان پاکستان جنگ کے تناظر میں یہ افواہ اڑتی ہے کہ ہندوستان والے پاکستان کی طرف آنے والے دریا کا پانی بند کر رہے ہیں۔ اسی دوران اس کے یہاں ایک بچے کی ولادت ہوتی ہے جس کا نام وہ یزید رکھتا ہے اور کہتا ہے اس یزید نے دریا بند کیا تھا، یہ کھولے گا۔
سعادت حسن منٹو
کپاس کا پھول
ادھوری رہ گئی محبت میں ساری زندگی تنہا گزار دینے والی ایک بوڑھی عورت کی کہانی۔ اس کے پاس جینے کا کوئی جواز باقی نہیں ہے وہ ہر وقت موت کو پکارتی رہتی ہے۔ تبھی اس کی زندگی میں ایک نوجوان لڑکی آتی ہے جو کپاس کے پھول کی طرح نرم و نازک ہے۔ وہ اس کا خیال رکھتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ اس برے وقت میں بھی اس کی قدر کرنے والا کوئی ہے۔ انھیں دنوں بھارتی فوج گاؤں پر حملہ کر دیتی ہے اور مائی تاجو کا وہ پھول کسی کیڑے کی طرح مسل دیا جاتا ہے۔
احمد ندیم قاسمی
آوارہ گرد
دنیا کی سیر پر نکلے ایک جرمن لڑکے کی کہانی۔ وہ پاکستان سے ہندوستان آتا ہے اور بمبئی میں ایک سفارشی میزبان کے یہاں قیام کرتا ہے۔ رات کو کھانے کی میز پر وہ اپنے میزبان سے جرمنی، دوسری عالمی جنگ، نازی اور اپنے ماضی کے بارے میں باتیں کرتا ہے۔ ہندوستان سے وہ شری لنکا جاتا ہے، دوران سفر ایک سنگھلی بودھ اس کا دوست بن جاتا ہے۔ وہ دوست اسے ندی میں نہانے کی دعوت دیتا ہے اور خود ڈوب کر مر جاتا ہے۔ لنکا سے ہوتا ہوا وہ سیلانی لڑکا ویتنام جاتا ہے۔ ویتنام میں جنگ جاری ہے اور جنگ کی ایک گولی اس یوروپی آوارہ گرد نوجوان کا خاتمہ کر دیتی ہے۔
قرۃالعین حیدر
سہائے
تقسیم ہند کے نتیجے میں ہونے والے فسادات اور ان میں انسانی خون کی ارزانی کو بیان کرتی ہوئی کہانی ہے۔ جس میں ایک ہندو نوجوان (جو ممبئی میں رہتا ہے) کے چچا کا کراچی میں قتل ہو جاتا ہے تو وہ مسلمان دوست سے کہتا ہے کہ اگر یہاں فساد شروع ہو گئے تو ممکن ہے کہ میں تمہیں قتل کر ڈالوں۔ اس جملے سے مسلمان دوست کو شدید صدمہ پہنچتا ہے اور وہ پاکستان چلا جاتا ہے لیکن جانے سے پہلے وہ سہائے نامی دلال کی کہانی سناتا ہے جو ہر قسم کے مذہبی تعصب سے پاک صرف ایک انسان تھا۔ (یہ منٹو کے ساتھ پیش آنے والے حقیقی واقعے پر مبنی کہانی ہے۔)
سعادت حسن منٹو
ممد بھائی
ممد بھائی بمبئی میں اپنے علاقے کے لوگوں کے خیرخواہ ہیں۔ انھیں اپنے پورے علاقے کی خبر ہوتی ہے اور جہاں کوئی ضرورت مند ہوتا ہے، وہ اس کی مدد کو پہنچ جاتے ہیں۔ کسی عورت کے اکسانے پر ممد بھائی ایک شخص کا خون کر دیتا ہے۔ حالانکہ اس خون کا کوئی چشم دید گواہ نہیں ہے پھر بھی اسے اپنی مونچھوں کی وجہ سے شناخت ہو جانے کا ڈر ہے۔ اسے صلاح دی جاتی ہے کہ اپنی شناخت چھپانے کے لیے وہ اپنی مونچھیں صاف کرادے۔ ممد بھائی ایسا ہی کرتا ہے پھر بھی عدالت اسے قتل کرنے کے جرم میں سزا دیتی ہے۔
سعادت حسن منٹو
دیوانہ شاعر
یہ امرتسر کے جلیانوالا باغ میں ہوئے قتل عام پر مبنی افسانہ ہے۔ اس قتل عام کے بعد شہر میں بہت کچھ بدلا تھا۔ اس سے کئی انقلابی پیدا ہوئے تھے اور بہتوں نے انتقام کے لیے اپنی جانیں قربان کی تھیں۔ انہیں لوگوں میں ایک انقلابی شاعر بھی تھا، جس کی شاعری دل چیر دینے والی تھی۔ ایک روز شام کو ادیب کو وہ دیوانہ شاعر باغ کے ایک کنویں کے پاس ملا تھا، جہاں اس نے اس سے اپنے انقلابی ہو جانے کی داستان بیان کی تھی۔
سعادت حسن منٹو
نکی
’’یہ افسانہ ایک ایسی عورت کی داستان بیان کرتا ہے جس کا شوہر ہر وقت اسے مارا پیٹا کرتا تھا۔ بالآخر شوہر نے ایک طوائف کے کہنے پر اسے طلاق دے دی۔ شوہر کی مار اور ذلیل و خوار ہونےکے بعد اس عورت میں جو غصہ اور نفرت جمع ہو گئی تھی وہ نئے محلے میں آکر باہر آنے لگی۔ وہ بات بات پر پڑوسیوں سے الجھنے لگی، ان سے لڑنے لگی تھی۔ اب اس عورت نے لڑنے جھگڑنے کو ہی اپنا پیشہ بنا لیا اور اپنے لڑنے کی فیس طے کر دی۔ جھگڑنا اس کے مزاج کا ایسا حصہ بن گیا کہ اسے دورے پڑنے لگے اور پڑوسیوں کو گالی بکتے ہوئے ہی اس کی موت ہوگئی۔‘‘
سعادت حسن منٹو
گرہن
یہ ایک ایسی حاملہ عورت کی کہانی ہے جس کے حمل کے دوران چاند گرہن لگتا ہے۔ وہ ایک اچھے خاندان کی لڑکی تھی مگر کائستھوں میں شادی ہونے کے بعد لڑکی کو فقط بچہ جننے کی مشین سمجھ لیا جاتا ہے۔ حاملہ ہونے اور وہ بھی گرہن کے اوقات میں بھی گھریلو ذمہ داریاں نباہنی پڑتی ہیں۔ ایسے میں اسے اپنے میکے کی یاد آتی ہے کہ گرہن کے اوقات میں کیسے دان کیا جاتا تھا اور حاملہ کے لیے بہت سارے کاموں کو کرنے کی ممانعت تھی، یہ سب سوچتے ہوئے اچانک سب کچھ چھوڑ کر بھاگ جانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
راجندر سنگھ بیدی
ماتمی جلسہ
’’ترکی کے مصطفی کمال پاشا کی موت کے سوگ میں بمبئی کے مزدوروں کی ہڑتال کے اعلان کے گرد گھومتی کہانی ہے۔ ہندوستان میں جب پاشا کے مرنے کی خبر پہنچی تو مزدوروں نے ایک دوسرے کے ذریعہ سنی سنائی باتوں میں آکر شہر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ ہڑتال بھی ایسی کہ دیکھتے ہی دیکھتے پورا شہر بند ہو گیا۔ شام کو جب مزدوروں کی یہ بھیڑ جلسہ گاہ پرپہنچی تو وہاں تقریر کے دوران اسٹیج پر کھڑے ایک شخص نے کچھ ایسا کہہ دیا کہ اس ہڑتال نے فساد کی شکل اختیار کر لی۔‘‘
سعادت حسن منٹو
برف باری سے پہلے
ایک ناکام محبت کی کہانی جو تقسیم سے پہلے مسوری میں شروع ہوئی تھی۔ اپنے دوست کے ساتھ سیر کرتے ہوئے جب اس نے اس لڑکی کو دیکھا تھا تو اسے دیکھتے ہی یہ احساس ہوا تھا کہ یہ وہی لڑکی ہے جسکی اسے تلاش تھی۔ یہ محبت شروع ہوتی اس سے پہلے ہی اپنے انجام کو پہنچ گئی اور پھر ملک تقسیم ہو گیا اور سب کچھ تباہ و برباد ہوگیا۔
قرۃالعین حیدر
تصویر کے دو رخ
یہ کہانی آزادی سے پہلے کی دو تصویر پیش کرتی ہے۔ ایک طرف پرانے روایتی نواب ہیں جو عیش کی زندگی جی رہے ہو ہیں۔ موٹروں میں گھومتے ہیں، دل بہلانے کے لیے طوائفوں کے پاس جاتے ہیں، ساتھ ہی زندگی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو کوستے ہیں، گاندھی جی کو گالیاں دیتے ہیں۔ دوسری طرف آزادی کے لیے مر مٹنے والے وہ نوجوان ہیں جن کی میت کو کوئی کندھا دینے والا بھی نہیں ہے۔