جمیل احمد قادری سالمی گنوری کا تعارف
جمیل احمد قادری سالمی گنوری معروف نعت گو شاعر تھے۔ ان کا اصلی نام جمیل احمد اور والد کا نام عبدالحنیف تھا۔ 2 جون 1950ء کو قصبہ گنور، ضلع بدایوں، اتر پردیش کے ایک مہذب اور ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اسلامیہ اسکول، گنور میں حاصل کی۔ قصبہ گنور کے ادبی و شاعرانہ ماحول اور گھر کے صوفیانہ مزاج کے باعث کم عمری ہی سے شعر و شاعری اور نعت خوانی سے شغف پیدا ہوا۔
غالباً 1975ء میں بدایوں شریف کی معروف خانقاہِ قادریہ کے سجادہ نشین تاجدارِ اہلِ سنت حضرت شیخ عبد الحمید محمد سالم میاں قادری عثمانی بدایونیؒ کے دستِ حق پرست پر بیعت ہوئے اور قادری نسبت اختیار کی۔ شاعری میں نعت گوئی کو اپنا خاص میدان بنایا اور گنور کے معروف استادِ سخن علامہ ابر احسنی کی زیرِ نگرانی نعت گوئی کا آغاز کیا۔ رفتہ رفتہ نعت گو شاعر کی حیثیت سے مقبول ہوئے اور تمام عمر نعت گوئی و نعت خوانی میں مصروف رہے۔
اپنے مرشد خانے میں نعت خوانی کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے تھے۔ نعت گوئی کی روایت کو آئندہ نسل تک منتقل کرنے کے لیے 2014ء میں اپنے صاحب زادے فیصل قادری گنوری کو بھی شاعری کی جانب راغب کیا۔ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ نعتِ رسولِ کی خدمت اور نعت خوانی میں گزرا اور آخری وقت تک اس سلسلے کو جاری رکھا۔
طویل علالت کے بعد 18 اگست 2019ء کو قبل از فجر وفات پائی۔