انعم ظامی کا تعارف
انعم ظامی، جن کا اصل نام انعم خالد ہے، 8 ستمبر 1999 کو لاہور، پاکستان میں پیدا ہوئیں۔ وہیں ان کی پرورش ہوئی اور ابتدائی و اعلیٰ تعلیم بھی لاہور ہی میں حاصل کی۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے انگریزی ادب میں بی اے (آنرز) کیا۔ فلسفہ اور نفسیات کے مطالعے نے ان کی فکری تشکیل میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں انسان کو اس کی داخلی پیچیدگیوں اور نزاکتوں کے ساتھ سمجھنے کا شعور عطا کیا۔
ان کے نزدیک زبان محض اظہار کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک زندہ اضطراب ہے، جو خاموشی میں پوشیدہ سچائیوں کو آشکار کرتا ہے۔ وہ اپنی تحریر میں اس لمحے کی جستجو کرتی ہیں جہاں خیال ابھی مکمل نہیں ہوتا، مگر اس کی دھڑکن محسوس ہونے لگتی ہے۔ ان کی شاعری تجربے، مشاہدے اور خود سے مسلسل مکالمے کا نتیجہ ہے، جو قاری کو وجود اور اس کے معنی سے آہستہ آہستہ روشناس کراتی ہے۔
پیشہ ورانہ طور پر انعم ظامی ایک پاکستانی ادارے میں بطور کری ایٹو منیجر خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ ادبی میدان میں وہ اپنی منفرد اور حساس آواز کے ساتھ ایک الگ شناخت قائم کر رہی ہیں۔