سخت دشوار زندگی ہے مجھے
سخت دشوار زندگی ہے مجھے
اور جینا بھی لازمی ہے مجھے
اس کا میں نام لے نہیں سکتا
دیکھیے کتنی بے بسی ہے مجھے
مجھ کو اکثر گمان ہوتا ہے
کہ ابھی تک وہ سوچتی ہے مجھے
ایک لمحے کی اس کی کج نظری
آج تک خوں رلا رہی ہے مجھے
اس مقام وفا پہ ہوں کہ جہاں
عشق کرنا ہی بندگی ہے مجھے
شاعری میرے گھر کی باندی ہے
اس سے اک ربط باطنی ہے مجھے
خاک آوارگی دشت جنوں
شہر در شہر ڈھونڈھتی ہے مجھے
ایک تم ہی نہیں ہو پاس مرے
ورنہ کس چیز کی کمی ہے مجھے
ختم قصہ ہوا ابو شبرؔ
وہ نظر سے گرا چکی ہے مجھے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.