جہاں دل کا رونا وہاں دل لگی ہے
جہاں دل کا رونا وہاں دل لگی ہے
ہماری مصیبت ہے ان کی ہنسی ہے
کہاں ظرف میرا کہاں ساغر مے
پلا دے تو ساقی کی دریا دلی ہے
خدا کے لئے کج ادائی کو چھوڑو
تم اچھے ہو لیکن یہ عادت بری ہے
وصال ان کا ممکن ہو یا غیرممکن
بہر حال میری تمنا یہی ہے
انہیں مجھ سے ضد ہوگی نفرت نہ ہوگی
نتیجہ تو ہر حال میں ایک ہی ہے
ہے اک راز سر بستہ روداد میری
نہ میں نے کہی ہے نہ اس نے سنی ہے
وہ کہتے ہیں واقف نہیں ہم قمرؔ سے
سنا ہے بڑا بد نصیب آدمی ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.