aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair
jis ke hote hue hote the zamāne mere
اردو ادب کی تاریخ میں بہادر شاہ ظفر بہ حیثیت کلاسیکی شاعر خاص مقام رکھتے ہیں۔ بہادر شاہ ظفر کا شعر گوئی سے ایک فطری لگاؤ تھا۔ پرشکوہ الفاظ ،عمدہ انداز بیان،ریاعت لفظی اور محاورہ بندی ظفر کے کلام کی اہم خصوصیات ہیں۔بہادر شاہ ظفر نے بہت بڑی تعداد میں اشعار لکھے ہیں۔پیش نظر ان کی غزلوں کا انتخاب "بہادر شاہ ظفر کی شاعری " ہے۔ جس کو خواجہ طارق محمود نے مرتب کیا ہے۔یہ غزلیں اپنے اسلوب ، موضوع اور عمدہ زبان و بیان کے اعتبار سے غالب اور مومن کی غزلوں کے ہم پلہ ہیں۔اس انتخاب کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اس میں ظفر کی غزلیں" اردو ،ہندی اور رومن اردو "تینوں زبانوں میں پیش کی گئی ہیں۔ یہ انتخاب اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے اردو ہندی اور رومن ارد وجاننے والے شائقین، اردو شاعری اےمحظوظ ہوسکتے ہیں۔
لال قلعہ کی در د بھری آواز
بہادر شاہ ظفر کی غیر معمولی شہرت کی وجہ 1857 کا انقلاب ہے، تاہم ان کی ہمہ گیر شخصیت میں اس بات کا بڑا دخل ہے کہ وہ اودھ کے ایک اہم شاعر تھے۔ بہادر شاہ ظفر جس طرح بادشاہ کی حیثیت سے انگریزوں کی چالوں کا شکار ہوئے اسی طرح ایک شاعر کی حیثیت سے بھی ان کے سر سے سخن وری کا تاج چھیننے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ ظفر کی شاعری میں جو خوبیاں ہیں وہ ان کے استاد ذوقؔ کی دین ہیں۔ سرسید کے سامنے جب اس خیال کا اظہار کیا گیا تووہ بھڑک اٹھے تھے اور کہا تھا کہ، ’’ذوق ان کو لکھ کر کیا دیتے اس نے تو خود زبان قلعہ معلیٰ سے سیکھی تھی۔‘‘ اس میں شک نہیں کہ ظفر ان شاعروں میں ہیں جنہوں نے شعری اظہار میں اردو پن کو فروغ دیا اور یہی اردو پن ظفر کے ساتھ ذو قؔ اور داغؔ کے وسیلے سے بیسویں صدی کے عام شاعروں تک پہچا۔ مولانا حالیؔ نے کہا کہ ’’ظفر کا تمام دیوان زبان کی صفائی اور روزمرہ کی خوبی ہیں، اول تا آخر یکساں ہے‘‘ اور آب بقا کے مصنف خواجہ عبد الرؤف عشرت کا کہنا ہے کہ ’’اگر ظفر کے کلام پر اس اعتبار سے نظر ڈالی جائے کہ اس میں محاورہ کس طرح ادا ہوا ہے، روزمرہ کیسا ہے، اثر کتنا ہے اور زبان کس قدر مستند ہے تو ان کا مثل و نظیر آپ کو نہ ملے گا۔ ظفر بطور شاعر اپنے زمانہ میں مشہور اور مقبول تھے۔‘‘ منشی کریم الدین’’طبقات شعرائے ہند‘‘ میں لکھتے ہیں، ’’شعر ایسا کہتے ہیں کہ ہمارے زمانہ میں ان کے برابر کوئی نہیں کہہ سکتا۔ تمام ہندوستان میں اکثر قوالی اور رنڈیاں ان کی غزلیں، گیت اور ٹھمریاں گاتے ہیں۔‘‘
بہادر شاہ ظفر کا نام ابو ظفر سراج الدین محمد تھا۔ ان کی ولادت اکبر شاہ ثانی کے زمانۂ ولی عہدی میں ان کی ہندو بیوی لال بائی کے بطن سے 14 اکتوبر 1775 میں ہوئی۔ ابو ظفر تاریخی نام ہے۔ اسی مطابقت سے انہوں اپنا تخلص ظفر رکھا۔ چونکہ بہادر شاہ کے جد امجد اورنگ زیب کے بیٹے کا لقب بھی بہادر شاہ تھا لہٰذا وہ بہادر شاہ ثانی کہلائے۔ ان کی تعلیم قلعۂ معلی میں پورے اہتمام کے ساتھ ہوئی اور انہوں نے مختلف علوم و فنون میں مہارت حاصل کی۔ لال قلعہ کی تہذیبی زندگی اور اس کے مشاغل میں بھی انہوں نے گہری دلچسپی لی۔ شاہ عالم ثانی کا انتقال اس وقت ہوا جب ظفر کی عمر 31 سال تھی لہٰذا انہیں دادا کی صحبت سے فائدہ اٹھانے کا پورا موقع ملا۔ ان ہی کی صحبت کے نتیجہ میں بہادر شاہ ظفر کو مختلف زبانوں پر قدرت حاصل ہوئی۔ اردو اور فارسی کے ساتھ ساتھ برج بھاشا اور پنجابی میں بھی ان کا کلام موجود ہے۔ ظفر منکسر المزاج اور خلیق انسان تھے۔ ان کے اندر حلم و ترحم تھا اور غرور و نخوت ان کو چھو کر نہیں گیا تھا۔ شاہانہ عیش و آرام کی زندگی گزارنے کے باوجود انہوں نے شراب کو کبھی ہاتھ نہیں لگایا۔ شہزادگی کے زمانہ سے ہی مذہب کی طرف جھکاؤ تھا اور کالے صاحب کے مرید تھے۔ اپنے والد اکبر شاہ ثانی کے گیارہ لڑکوں میں وہ سب سے بڑے تھے لیکن اکبر شاہ نے اپنے دوسرے چہیتے بیٹے مرزا سلیم کو ولی عہد بنانا چاہا۔ انگریز اس کے لئے راضی نہیں ہوئے۔ پھر اکبر شاہ ثانی کی چہیتی بیوی ممتاز محل نے اپنے بیٹے مرزا جہانگیر کو ولی عہد بنانے کی کوشش کی بلکہ ان کی ولی عہدی کا اعلان بھی کر دیا گیا اور گورنر جنرل کو اس کی اطلاع کر دی گئی جس پر گورنر جنرل نے سخت تنبیہ کی کہ اگر انہوں نے انگریزوں کی ہدایات پر عمل نہ کیا تو ان کی پنشن بند کر دی جائے گی۔ مرزا جہاں گیر نے ایک مرتبہ ظفر کو زہر دینے کی بھی کوشش کی اور ان پر غیر فطری حرکات کا الزام بھی لگایا گیا لیکن انگریز ظفر کی عزت کرتے تھے اور ان کے خلاف محل کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوئی۔ 1837میں اکبر شاہ ثانی کے انتقال کے بعد بہادر شاہ کی تاجپوشی ہوئی۔
قلعہ کے دستور کے مطابق بہادر شاہ ظفر کی شادی نو عمری میں ہی کر دی گئی تھی اور تاجپوشی کے وقت وہ پوتے پوتیوں والے تھے۔ ظفر کی بیگمات کی صحیح تعداد نہیں معلوم لیکن مختلف ذرائع سے شرافت محل بیگم، زینت محل بیگم، تاج محل بیگم، شاہ آبادی بیگم، اختری محل بیگم، سرداری بیگم کے نام ملتے ہیں، ان میں زینت محل سب سے زیادہ چہیتی تھیں اور ان سے ظفر نے اس وقت 1840 میں شادی کی تھی جب ان کی عمر 65 سال تھی جب کہ زینت محل 19 سال کی تھیں۔ تاج محل بیگم بھی بادشاہ کی چہیتی بیویوں میں تھیں۔ شاہ آبادی بیگم کا اصل نام ہندی بائی تھا۔ اختری محل بیگم ایک کانے والی تھیں، سرداری بیگم ایک غریب گھریلو ملازمہ تھیں جن کو ظفر نے رانی بنا لیا۔ ظفر کے 16 بیٹے اور 31 بیٹیاں تھیں۔ بارہ شہزادے 1857 تک زندہ تھے۔ بہادر شاہ ایک وسیع المشرب انسان تھے۔ وہ ہندؤں کے جذبات کی بھی قدر کرتے تھے اور ان کی بعض رسوم بھی ادا کرتے تھے۔ انہوں نے شاہ عباس کی درگاہ پر چڑھانے کے لئے ایک علم لکھنؤ بھیجا تھا جس کے نتیجہ میں افواہ پھیل گئی تھی کہ وہ شیعہ ہو گئے ہیں لیکن ظفر نے اس کی تردید کی۔ انگریزوں کی طرف سے ظفر کو ایک لاکھ روپئے پنشن ملتی تھی جو ان کے شاہانہ اخراجات کے لئے کافی نہیں تھی لہٰذا وہ ہمیشہ مالی تنگی کا شکار اور قرض مند رہتے تھے۔ ساہوکاروں کے تقاضے ان کو فکر مند رکھتے تھے اور وہ نذرانے وصول کرکے نوکریاں اور عہدے تقسیم کر تھے تھے۔ لال قلعہ کے اندر چوریوں اور غبن کے واقعات شروع ہو گئے تھے۔
بہادر شاہ کی عمر بڑھنے کے ساتھ انگریزوں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ دہلی کی بادشاہت ختم کر دی جائے گی اور لال قلعہ خالی کرا کے شہزادوں کا وظیفہ مقرر کر دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے شہزادہ مرزا فخرو سے جو ولی عہدی کے امیدوار تھے، ایک معاہدہ بھی کرلیا تھا لیکن کچھ ہی دنوں بعد 1857 کا ہنگامہ برپا ہو گیا، جس کی قیادت دہلی میں شہزادہ مغل نے کی۔ کچھ دنوں کے لئے دہلی باغیوں کے قبضہ میں آ گئی تھی۔ بہادر شاہ شروع میں اس ہنگامے سے بالکل بے تعلق رہے۔ وہ سمجھ ہی نہیں پائے کہ ہو کیا رہا ہے۔ جب ان کو پتہ چلا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے انگریزوں کے خلاف بغاوت کردی ہے تو ان کی پریشانی بڑھ گئی۔ انہوں نے کوشش کی کہ باغی اپنے ارادے سے باز آ جائیں اور باغیوں سے کہا کہ وہ انگریزوں سے ان کی صلح کرا دیں گے لیکن جب باغیوں نے پوری طرح دہلی پر قبضہ کر لیا تو ان کو زبردستی مجبور کیا کہ وہ تحریک کی قیادت اپنے ہاتھ میں لیں۔ شروع میں انہوں نے بادل ناخواستہ اس زبردستی کو قبول کیا تھا لیکن جب تحریک زور پکڑی گئی تو وہ اس میں پھنستے چلے گئے اور آخر تک تحریک کے ساتھ رہے۔ یہ تحریک بہر حال جلد ہی دم توڑ گئی۔ بہادر شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد مقدمہ کی سماعت کے دوران بہادر شاہ نے انتہائی بے چارگی کے دن گزارے۔ قید میں ان سے ملنے گئی ایک خاتون نے ان کی حالت اس طرح بیان کی ہے، ’’ ہم نہایت تنگ و تاریک چھوٹے سے کمرہ میں داخل ہوئے۔ یہاں میلے کچیلے کپڑے پہنے ہوئے اک کمزور، دبلا پتلا، پستہ قد بڈھا سردی کے سبب گندی رضائیوں میں لپٹا ایک نیچی سی چارپائی پر پڑا تھا۔ ہمارے داخل ہوتے ہی وہ حقہ جو وہ پی رہا تھا، ایک طرف رکھ دیا اور پھر وہ شخص جو کبھی کسی کو اپنے دربار میں بیٹھا ہوا دیکھتا، اپنی توہین سمجھتا تھا، کھڑے ہو کر ہم کو نہایت عاجزی سے سلام کرتا جا رہا تھا کہ اسے ہم سے مل کر بڑی خوشی ہوئی۔‘‘ 19 مارچ 1858 کو عدالت نے بہادر شاہ ظفر کو ان تمام جرائم کا مرتکب ٹھہرایا جن کا ان پر الزام لگایا گیا تھا۔ 7 اکتوبر 1858 کو سابق شہنشاہ دہلی اور مغلیہ سلطنت کے آخری تاجدار ابو ظفر سراج الدین محمد بہادر شاہ ثانی نے دہلی کو ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ دیا اور رنگون میں جلا وطنی کے دن گزارتے ہوئے 7 نومبر 1860 کو صبح پانچ بچے قید حیات و بند غم سے چھوٹ گئے۔
ظفر نے اپنے آخری زمانہ میں انتہائی پردرد غزلیں کہیں۔ شعراء ادب سے ان کو ہمیشہ گہرا لگاؤ رہا۔ انہوں نے مختلف زبانوں میں شاہ نصیر، عزت اللہ عشق، میر کاظم بے قرار، ذوق اور غالب کو اپنا کلام دکھایا۔ ان کی شاعری مختلف ادوار میں مختلف رنگ لیتی رہی، اس لئے ان کے کلام میں ہر طرح کے اشعار پائے جاتے ہیں۔ ظفر کے منتخب کلام میں ان کی اپنی انفرادیت نمایاں ہے۔ تغزل، شاعرانہ کیفیات اور جمالیاتی رچاؤ کے اعتبار سے ان کا یہ کلام اردو غزل کے اس سرمایہ سے قریب آ جاتا ہے جس کی آبیاری میرؔ، قائمؔ، یقینؔ، دردؔ، مصحفیؔ، سوزؔ اور آتشؔ جیسے شعراء نے کی۔ ظفر کے کلام کا منتخب حصہ اپنے اندر ایسی تازگی، دلکشی اور تاثیر کا عنصر رکھتا ہے جس کی اپنی دائمی اقدار ہیں، خصوصاً وہ حصہ جس میں ظفر کی ’’آپ بیتی‘‘ ہے، اس میں کچھ ایسی نشتریت اور گداز ہے جو اردو غزل کے سرمایہ میں اپنا جواب نہیں رکھتا۔
شمع جلتی ہے پر اس طرح کہاں جلتی ہے
ہڈی ہڈی مری اے سوز نہاں چلتی ہے
ظفر کی پوری زندگی ایک طرح کی روحانی کشمکش اور ذہنی جلا وطنی میں گزری۔ ایک مسلسل عذاب گتھا۔ ہڈیوں کو پگھلا دینے والا یہی غم ان کی شاعری کا اصل محرک ہے اور اس آگ میں جل کر انہوں نے جو شعر کہے ہیں وہ ہمارے سامنے ایک زبردست المیہ کردار پیش کرتے ہیں۔
ہر نفس اس دامن مژگاں کی جنبش سے ظفر
اک شعلہ سا بھڑکا اور بھڑک کر رہ گیا
ظفر کی شاعری آج اپنے مرتبہ کے از سر نو محاکمہ کا مطالبہ کرتی ہے۔