اردو غزل کی روایت میں دہلی اور لکھنؤ کے دبستانوں کا تقابل ہمیشہ سے دلچسپی کا باعث رہا ہے۔ دہلی کی شاعری بنیادی طور پر دروں بینی کا کمال دکھاتی ہے۔ وہاں کا شاعر اپنی فکر کا باغ لگاتا ہے اور اپنے زخموں کے چمن کھلاتا ہے۔ دہلی کے شاعر کو حسن سے زیادہ اپنا عشق عزیز ہے، اور یہ عشق چشمِ خوں بستہ اور دلِ پر خوں کی گلابی میں ظاہر ہوتا ہے۔ میر تقی میر کے یہاں عشق ایک آزار اور ایک روگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن جب ہم لکھنؤ کی فضا میں داخل ہوتے ہیں، تو مصحفی کے زیرِ اثر خواجہ حیدر علی آتش کے یہاں عشق کا ایک بالکل نیا، صحت مند اور توانا تصور ابھرتا ہے۔
آتش، مصحفی کے شاگرد تھے، اور انہی کے اثر سے آتش کے کلام میں حسن کا ایک ایسا شوخ اور رنگین احساس ملتا ہے جو ان کے اشعار کو ہماری عشقیہ شاعری کا ایک قابلِ فخر سرمایہ بنا دیتا ہے۔ آتش محض حسن کی عکاسی نہیں کرتے، بلکہ ان کے یہاں حسن کی باقاعدہ مصوری ملتی ہے۔ جب ایک ماہر مصور تصویر بناتا ہے، تو نقش میں اس کا تخیل اور احساس ایک نئی زندگی بھر دیتا ہے، اور تصویر محض خطوط اور رنگوں کا مجموعہ نہیں رہتی بلکہ بولنے لگتی ہے۔ آتش کے بہترین اشعار اسی رنگین احساس کا نگار خانہ ہیں۔ ان کے یہاں محبوب کے سراپے اور حسن کی جلوہ گری کا بیان ملاحظہ کریں:
نظر آتی ہیں ہر سو صورتیں ہی صورتیں مجھ کو
کوئی آئینہ خانہ کارخانہ ہے خدائی کا
خوشبو سے ہو رہا ہے معطر دماغ جاں
چلتی ہے کس طرف کی ہوا کچھ نہ پوچھپے
چمن میں شب کو جو وہ شوخ بے نقاب آیا
یقین ہو گیا شبنم کو آفتاب آیا
آتش کے یہاں حسن کی اس مصوری میں احساس سے رنگ آتا ہے، اور یہی احساس وارداتِ عشق کی کیف و سرمستی کی ایک نئی دنیا آباد کر دیتا ہے۔ آتش کے نزدیک عشق کوئی روگ یا ماورائی شے نہیں ہے، بلکہ یہ ایک شراب ہے، ایک خوشبو ہے، ایک چاندنی ہے، اور رقص و وجد کی ایک کیفیت ہے۔ ان کے عشق میں جسم کی آنچ، اعضاء کا نقشِ جمیل، جذبے کی گرمی اور ذوق و شوق کی لذت پوری طرح موجود ہے۔
اسی سرشاری اور والہانہ پن کی بدولت نقادوں نے آتش کو 'اردو کا پہلا عاشقِ سرشار' قرار دیا ہے۔ ان کے کلام میں حافظ شیرازی جیسا جوش اور وجد و کیف محسوس ہوتا ہے۔ آتش نے اردو غزل کو محرومی اور ناکامی کے اندھیروں سے نکال کر نشاط اور کامرانی کی روشنی بخشی، اور ماورائیت کے بجائے ارضیت اور جسمانی حسن کا صحت مند احساس عطا کیا۔
